Sunday, 22 July 2012

ہم گدازی


ہم گدازی (Sympathy) کا مطلب ہے، دوسرے کے احساسات کی شناخت۔ یا جذباتی طور پر خود کو دوسرے کی جگہ پر رکھنا ہے۔ ہم گدازی کا بہ راہِ راست تعلق اپنے احساسات کو محسوس کرنے اور انھیں شناخت کرنے سے ہے۔

اگر آپ نے کوئی خاص احساس محسوس نہیں کیا تو آپ کسی دوسرے کے اندر اس احساس کو کیوں کر جان سکتے ہیں۔ یہی بات غم اور خوشی کے لیے بھی درست ہے۔ مثال کے طور پر، اگر آپ کا ہاتھ آگ سے کبھی نہیں جلا تو آپ کو کیسے پتا چلے گا کہ آگ سے جلنے کا احساس کیسا ہوتا ہے۔جوانسان سونے کا چمچہ لے کر پیدا ہوا ہو، اسے بھوکے کی کیفیت کا اندازہ کہاں ہوگا!
وہی لوگ جذباتی ہم گدازی میں مہارت رکھتے ہیں جو جذباتی شدت کے ساتھ اپنے احساسات کا تجربہ کرتے ہیں۔ اسی طرح جو لوگ محدود احساسات کا تجربہ کرتے ہیں، اپنے مزاج سے بے پروا ہوتے ہیں، اس طرح کے لوگ دوسروں سے تعلق پیدا نہیں کرپاتے۔
ہم گدازی کا آغاز دوسرے فرد کے احساس کی واقفیت سے ہوتا ہے۔ اگر کوئی یہ بتا دے کہ وہ کیسا محسوس کر رہا ہے تو اس کے احساس کو جاننا آسان تر ہوجاتا ہے۔ لیکن عموماً چونکہ ایسا ہوتا نہیں، اس لیے ہمیں بر سبیل تذکرہ سنے گئے الفاظ میں کچھ ایسے سوالات کرنے پڑتے ہیں یا جسمانی اشاروں پر توجہ کرنی پڑتی ہے کہ جن سے دوسرے کے احساسات کا اندازہ ہوسکے۔
ایک فرد کے احساسات جاننے کے بعد ہمیں ان احساسات کو تسلیم کرنا چاہیے، اور اس کا طریقہ یہ ہے کہ اس کا اظہار و اعتراف کیا جائے۔ مثال کے طور پر،
میں دیکھ رہا ہوں، آپ اس سے بے اطمینان ہو رہے ہیں؛
میں سمجھ رہا ہوں، آپ کی پریشانی کی وجہ کیا ہے۔
اپنی ہم گدازی کا اظہار ہم کسی کو تھپک کر یا گلے لگا کر بھی کرسکتے ہیں۔ 

No comments: